بام مچھلی
Eel Fish
بام ایک مچھلی ہے جسے انگلش میں ایل فش eel fish کہتے ہیں۔اس کی شکل سانپ سی ملتی جلتی ہے۔اس کے علاوہ اس کی شکل ایک سبزی کڑل سے بھی ملتی ہے جس کو انگلش میں سنیک گورڈ کہتے ہیں۔اس کی لمبائی عموما چار انچ سے لے کر دو فٹ یا اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔اس کی موٹائی ایک انچ سے لے کر تین چار انچ تک یا اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔سمندری بام مچھلی کی لمبائی اور موٹائی زیادہ ہوتی ہے۔
اس کا رنگ عام طور پر پیلا یا کالا ہوتا ہے۔یہ دریاؤں اور سمندروں میں پائی جاتی ہے۔ اس کے اندر ایک بڑا کانٹا ہوتا ہے اور دوسرے چھوٹے کانٹے ہوتے ہیں۔اس کا ذائقہ بہت ہی لذیذ ہوتا ہے اور اس کی قیمت بھی عام مچھلی کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔اس کو لوگ سانپ مچھلی بھی کہتے ہیں۔اس کو کچھ مقامی لوگ مچھگلودرو بھی کہتے ہیں۔یہ پانی کے اندر عام طور پر چٹانوں میں پائی جاتی ہے۔اس کا مسکن پتھریلی چٹانیں اور پتھر ہوتے ہیں۔
اس کو شکار کرنے کے لئے چھوٹے اور کم چوڑائی والے کانٹے کا استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے لئے ایک برساتی کیڑے بشکل کو اس پہ چڑھایا جاتا ہے۔یہ بہت چالاک مچھلی ہوتی ہے اور کانٹے کے ساتھ بہت چھیڑ چھاڑ کرتی ہے اور اپنی غذا حاصل کرتی ہے۔اس کو شکار کرنے کے لئے ڈوری دھاگے کے ساتھ کانٹے کو لگا کر اور پانی کی گہرائی کے حساب سے ایک جھاڑی سروٹ سرکنڈا ،جس سے چکیں بنائی جاتی ہیں،کا ایک چار یا پانچ انچ کا ایک ٹکڑا لگایا جاتا ہے جو کہ مچھلی کے کانٹے کے ساتھ لگنے کی خبر دیتا ہے ۔یہ دریائے سواں،دریائے لنگ ،دریائے جہلم،سندھ اور دیگر دریاؤں میں بکثرت پائی جاتی ہے۔
